حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی، امام رضا علیہ السّلام کی زیارت سے مشرف ہونے کے بعد، حرم کے متولی سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا ہے۔
عراقی وزیراعظم نے حرم کی جانب سے زائرین کو دی جانے والی خدمت پر اظہارِ تشکّر کیا۔
اس ملاقات میں، عراقی وزیراعظم نے حرم امام رضا میں ایرانی حکومت اور حرم کی انتظامیہ کے پرتپاک استقبال اور مخلصانہ مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر کی دعوت پر کیے جانے والے اس دورے کے دوران، خطے کے متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا، خوش قسمتی سے اس سفر کے دوران، رہبرِ انقلابِ اسلامی سے بھی ملاقات کا موقع ملا، رہبرِ انقلابِ اسلامی خطے کے تمام ممالک کی نسبت بہت مثبت رائے رکھتے ہیں۔
عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے مزید یہ کہا کہ ماہ رجب میں یہ جو زیارت نصیب ہوئی ہے اور ملاقاتیں ہوئی ہیں، ان شاء اللہ دونوں ممالک کے درمیان مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور ایران اور عراق کی دو عظیم اقوام کے مابین تعاون اور تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
عراقی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم عراق میں واقع حضرات معصومین علیہم السلام کے مزارات کے زائرین کی خدمت کو اپنے لیے بہت بڑی سعادت سمجھتے ہیں؛ ہم نے حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام کی زائرین کو دی جانے والی خدمات سے متعلق بہت کچھ سنا ہے اور یہ خدمات یقیناً وزارتی سطح کی خدمات ہیں اور ہم ان خدمات کو تہہ دل سے سراہتے ہیں، ہم عراق کے مقاماتِ مقدسہ کے سربراہان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان مقاماتِ مقدسہ کی جانب سے زائرین کو دی جانے والی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ان سے بات چیت کرتے ہیں۔
اس موقع پر حرم امام رضا علیہ السّلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین مروی نے کہا کہ ہم عراق کے ساتھ علمی اور یونیورسٹی سطح کے تعلقات قائم کرنے کے خواہشمند ہیں؛ خصوصاً علمی معیاروں پر امام رضا انٹرنیشنل یونیورسٹی، علمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔
واضح رہے عراقی وزیراعظم ان دنوں، سرکاری دورے پر اسلامی جمہوریہ ایران میں موجود ہیں۔
آپ کا تبصرہ